نئی دہلی، 6 ؍نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی سنگینی اور گھنے دھند کی وجہ سے بنگال اور گجرات کے درمیان فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا رنجی ٹرافی کرکٹ میچ آج دوسرے دن ہی منسوخ کر دیا گیا۔بنگال اور گجرات کی ٹیمیں اب کل دہلی سے بالترتیب کولکا تا اور احمد آباد روانہ ہو جائیں گی۔دہلی میں فضائی آلودگی کی صورت حال میں آئندہ کچھ دنوں میں بہتری کا امکان نہیں ہے جس کی وجہ سے کھیل کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا ۔میچ ریفری پی رنگناتھن نے بی سی سی آئی اور متعلقہ ریاستی ایسوسی ایشن کے ساتھ صلا ح و مشورہ کرنے کے بعد فیصلہ کیا کہ اگلے دو دن انتظار کرنے کا کوئی مطلب نہیں بنتا ہے۔میچ ریفری پی رنگناتھن نے میچ منسوخ کیے جانے کے بعد صحافیوں سے کہاکہ یہ غیر متوقع اور ناگزیر حالات ہیں۔اسے ایک میچ کے طور پر نہیں مانا جا سکتا ہے اور اس وجہ سے پوائنٹس کی تقسیم کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔رنجی ٹرافی میں یہ پہلا موقع ہے جب قومی دارالحکومت میں آلودگی کی سنگینی کی وجہ سے میچ منسوخ کر دیا گیاہو ۔دراصل اس عجیب و غریب صورت حال کی وجہ سے بی سی سی آئی اس میچ کا پروگرام پھر سے طے کر سکتا ہے۔عموما جب تک دونوں ٹیموں کی کم از کم ایک اننگ پوری نہیں ہو تی ہے، تو پھر ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملتے ہیں۔بنگال کے منیجر سمیر داس گپتا نے میڈیا سے کہاکہ ہم کل صبح کولکا تہ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، یہ بدقسمتی کی بات ہے لیکن اس میں کسی کی کوئی غلطی نہیں ہے۔آلودگی کی صورت حال ایسی ہے کہ میچ ریفری رنگناتھن نے تمام کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کے اندر ہی رہنے کی ہدایت دی ہے ، کیونکہ 25گز کے فاصلے پر بھی کسی کو دیکھ پانا مشکل تھا۔بنگال کی ٹیم کے معاون عملے کے ایک رکن نے کہاکہ میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کے اندر رہنے کے لیے کہاہے ۔انہوں نے ہم سے کہا کہ اس سے ہماری صحت پر اثر پڑ سکتا ہے اور اس لیے ہمیں ضروری احتیاط برتنی چاہیے ۔کھلاڑیوں نے کل وارم اپ کے بعد اپنی آنکھوں میں جلن اور سانس لینے میں پریشانی کی شکایت کی تھی۔بنگال کے کھلاڑیوں کو فضائی آلودگی اینٹی ماسک پہنے ہوئے بھی دیکھا گیا۔اتفاق سے بنگال کو مدھیہ پردیش کے خلاف دسمبر کے دوسرے ہفتے میں پالم کے ایئر فورس میدان پر میچ کھیلنے کے لیے پھر سے دہلی آنا پڑے گا۔ابھی اس میچ پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔اس درمیان دہلی میں ہی کرنل سنگھ اسٹیڈیم میں حیدرآباد اور تری پورہ کے درمیان میچ کے دوسرے دن کا کھیل بھی منسوخ کر دیا گیاہے ۔